Logo of Pakistan Writers Guild Sindh پاکستان رائٹرز گلڈ سندھ کا لوگو

پاکستان رائٹرز گلڈ کا منشور

ہم پاکستان کی جملہ زبانوں کے ادیب خود کو مادر وطن کی ترقی ، عظمت بین الاقوامی امن کے آدرش اور انسانیت کی ترقی کے لیے وقف کرتے ہیں ۔ ہم ان حقوق انسانی پر ایمان رکھتے ہیں جن کی تشریح اقوام متحدہ کے منشور میں کی گئی ہے۔ بہ حیثیت ادیب ہم اپنے خیالات کے اظہار اور ترسیل کی آزادی کے لیے بنیادی حقوق کے حامی ہیں جس کے بغیر تخلیقی ادب بے مقصد ہو جاتا ہے۔ ہمیں اپنی ان عظیم روایات پر جو ہمیں ماضی سے ملی ہیں پورا فخر ہے۔ ہم ان کے تحفظ اور ان کو مزید فروغ دینے کا عہد کرتے ہیں۔
ہم اپنے مقدس فرض سے جو صداقت کی عکاسی ، حب وطن کی قدروں کی نشو و نما ، بین الاقوامی اخوت اور تعاون کے فروغ اور انسانی تعلقات کے قیام سے متعلق ہے ، کما حقہ آگاہ ہیں تاکہ انسانیت زیادہ سے زیادہ راحت ، طمانیت اور وقار کے ساتھ اپنا وجود باقی رکھ سکے۔
ادیب ہونے کی حیثیت سے فرداً فردا اور اجتماعی طور پر ایک ایسے خوش حال اور صحت مند معاشرے کی ترقی کے لیے اپنی ذمہ داری قبول کرتے ہیں جس میں سب کے لیے آزادانہ ، مساوی مواقع فراہم ہوں اور جہاں دولت و اقتدار ، انسانی قدروں اور روحانی تصورات کے تابع ہوں ۔ اسی لیے علم و سائنس کی ترقی کو دنیا میں امن اور خوش حالی کے فروغ کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔


پاکستان رائٹرز گلڈ کے تاسیسی اجلاس میں
بروز ۳۱ جنوری ۱۹۵۹ء بمقام کراچی منظور ہوا